ڈالر کو ریورس گئیرلگ گیا، امریکی کرنسی 200روپے تک آئیگی

لاہور(پی این آئی) ڈالر کی قیمت 200 روپے تک آ جانے کی پیشن گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض کی اگلی قسط ملنے کے بعد ڈالر مزید گر سکتا ہے،آئی ایم ایف سے قرض کی اگلی قسط ملنے پرڈالر200 سے نیچے آ نے کا امکان ہے۔

 

ایک انٹر ویو میں انہوں نے بتایا کہ انٹربینک میں ڈالر228 روپے سے 232 روپے کے درمیان ٹریڈ کررہا تھا اور ڈالرسستا ہونے سے ایکسپورٹرزکی طرف سے مارکیٹ میں فروخت ہورہا ہے۔ملک بوستان نے یہ بھی بتایا کہ ایکسپورٹرز نے تقریباً 3 ارب ڈالر روک کر رکھے ہیں اور دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ امپورٹرز کی ایل سیزکھولنے کے عمل میں سست روی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل سیز 250 کے ریٹ پر کھولنے والے بھی اب پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے ہیں اور مارکیٹ میں ڈالرکی طلب و رسد میں بہتری آنا شروع ہوچکی ہے۔یہاں واضح رہے کہ بدھ کے روز انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی ریکارڈ کی گئی۔انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 9 روپے 59 پیسے کمی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 11 روپے کمی ہوگئی ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی سے ملک کے بیرونی قرضوں میں 1400 ارب روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ جولائی میں درآمدات اور درآمدی ادائیگیوں کے کم دباؤ کے باعث روپے کی قیمت میں بہتری آرہی ہے، گزشتہ روز منگل تک روپے کی قدر کی ڈالر کے مقابلے میں 240 کی نچلی سطح پر آگئی تھی۔ یاد رہے کہ جولائی کے دوران انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی غیر معمولی اڑان رہی یہاں تک کہ ایک ایک دن میں ڈالر کی قدر میں 5 اور 6 روپے کا بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس دوران بلیک مارکیٹنگ، عدم دستیابی اور سٹہ بازی کی شکایات بھی ملتی رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close