ایل پی جی کی قیمت میں اچانک اضافہ، غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اورپہاڑ گرا دیا گیا

لاہور(پی این آئی )ایل پی جی کی قیمت میں اوگرا کی جانب سے کسی نوٹیفکیشن کے بغیر ہی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر 150 اور کمرشل 450 روپے مہنگا ہوگیا۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ بلا جواز ہے جب کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال 7 ماہ بعد آج ایل پی جی کی قیمت اوگرا کی جاری کردہ قیمت سے بھی تجاوز کر گئی۔

عرفان قادر نے کہا کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 2750 روپے اور کمرشل 10438 روپے میں دستیاب ہوگا۔ گلگت میں ایل پی جی 300 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 3600 اور کمرشل 13600 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر ایل پی جی کی قیمت کنٹرول نہ ہوئی تو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔جے جے وی ایل پاکستان کا سب سے بڑا ایل پی جی کا پلانٹ بند ہے، حکومت کو 60 ارب روپے کا نقصان ہوا جب کہ ایل پی جی صارفین لُٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصدق ملک کے پاس معاملات کے لیے کوئی ٹائم نہیں۔ ایل پی جی کی قیمت کنٹرول نہ ہوئی تو وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں