ڈالر کی قدر میں ہوشربااضافہ، ایک ہی دن میں ملکی قرضوں میں کتنے ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا؟ کھلبلی مچ گئی

لاہور (پی این آئی) صرف ایک دن میں ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں میں ڈیڑھ ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی کی صورتحال ملکی معیشت کی تباہی کا باعث بننے لگی، منگل کے روز کرنسی مارکیٹ میں ڈالر نے پاکستانی روپیہ کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ صرف منگل کے دن ڈالر مہنگا ہونے سے ملکی قرضوں کے حجم میں 1 ہزار 400 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔

 

بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 80 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 8 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ یوں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 221 روپے 99 پیسے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں 224 روپے 50 پیسے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 5روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 213روپے سے بڑھ کر223.50روپے اور قیمت فروخت217روپے سے بڑھ کر228.50روپے ہو گئی جبکہ6روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈکی قیمت خرید 252روپے سے بڑھ کر252روپے اور قیمت فروخت256روپے سے بڑھ کر268روپے ہو گئی۔چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک محمد بوستان نے کہا کہ ملک میں سیاسی حالات کو جواز بنا کر بینک ڈالر کی قیمت میں سٹہ بازی کررہے ہیں جس کا اسٹیٹ بینک کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں غیر ضروری طور پر ڈالر کی قیمت کو بڑھنے سے روکنا چاہیے۔

 

بینکس کی اجاراہ داری کے خاتمے کے لیے فوری طور پر ڈالر کی فاروڈ بکنگ پر پابندی عائد کی جائے تاکہ مارکیٹ میں پینک والی صورتحال کو روکا جا سکے۔دوسری جانب کرنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعد پنجاب اور مرکز میں حکومت کی تبدیلی کے خوف کی وجہ سے مالیاتی منڈیاں افرا تفری کا شکار ہیں اور ڈالر خرید رہے ہیں، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ، دوست ممالک اور دوطرفہ ذرائع سے رقم کے حصول کے حوالے سے تحفظات کی وجہ سے درآمد کنندگان کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں