بڑی کمی ریکارڈ، عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا ہو گیا

نیویارک (پی این آئی) عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل دوبارہ 100 ڈالرز کی سطح سے نیچے گر گیا، بدھ کے روز دوران ٹریڈنگ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 7 ڈالرز سے زائد کی کمی سے 99 ڈالرز پر آ گئی، امریکی خام تیل کی 96 ڈالرز میں فروخت جاری۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، خام تیل کی قیمت بڑھنے کے بعد ایک بار پھر قیمت 100 ڈالر سے نیچے آگئی ہے۔

 

تیل کی عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ خبر رساں ایجنسی بلوم برگ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل 7 ڈالر 62 سینٹ کم ہو کر 99 ڈالر 48 سینٹ فی بیرل کا ہوگیا۔جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) آئل کی قیمتوں میں بھی واضح کمی ہوئی۔قیمت سات ڈالر فی بیرل سے زائد کم ہوگئی۔ ڈبلیو ٹی آئی آئل 96 ڈالر فی بیرل کے آس پاس فروخت ہو رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل 100 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل 97 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگیا تھا۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران تیل کی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح اتار چڑھاو دیکھنے میں آیا ہے۔

 

گزشتہ چند روز کے دوران قیمتیں کبھی بڑی گراوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں، تو کبھی یکدم قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔عید سے قبل پاکستان کی جانب سے استعمال کیے جانے والے برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت طویل عرصے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالرز کی سطح سے نیچے چلی گئی تھی، تاہم تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکا اور قیمتیں دوبارہ 100 ڈالرز فی بیرل کی سطح عبور کر گئی تھیں۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے شرح سود میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی طلب میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔امریکی ادارے سٹی گروپ کے مطابق تیل کی طلب میں کمی کے باعث رواں سال کے آخر تک تیل کی قیمتیں 65 ڈالرز کی فی بیرل جبکہ آئندہ سال تک 45 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک گر جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

جبکہ جے پی مورگن کی جانب بالکل مختلف پیشن گوئی کی گئی ہے۔ جے پی مورگن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر امریکی پابندیوں کی وجہ سے روس نے تیل کی پیداوار کم کر دی، تو اس صورت میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 380 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک بھی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں