اسلام آباد (پی این آئی ) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر موجود لیوی برقرار رکھے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی کیلئے سمری طلب کی تھی تاہم پیٹرولیم مصنوعات پر موجود لیوی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ، اس وقت پیٹرول پر 10 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے فی لیٹر لیوی ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان نے لیہ میں ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا مطالبہ کیا ، چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں عالمی منڈی میں قیمتیں ہمارے دور کے حساب سے بھی کم ہو گئی ہے، آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو پٹرول کی قیمت 150 روپے فی لٹر پر واپس لاؤ، ہم نے ڈیزل اور پٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمت بھی 5 روپے کم کی تھیں، ہم اڑھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے ہم نے تو قیمتیں نہیں بڑھائیں، دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی تھیں، ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچایا، ہم نے مہنگائی کو روک رکھا تھا، ہمارے دور میں پاکستان سب سے سستا ملک تھا۔عمران خان نے کہا ہم نے نہ صرف قیمتیں نیچے رکھیں بلکہ ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ بھی دیا، ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی، نوجوانوں کو سستے قرضے دیے، سستے گھروں کی اسکیم شروع کی، ہمارا احساس پروگرام نچلے طبقے کو اٹھاتا تھا
جسے دنیا نے سراہا، ہمارے دور میں ایکسپورٹس بڑھیں، ریکارڈ ترسیلات زر آئیں، ٹیکسٹائل میں ریکارڈ پروڈکشن ہوئی، زراعت کے شعبے میں ریکارڈ پیداوار ہوئی، کسانوں کی پالیسی بنائی، قانون بناکر کسانوں کو شوگر مافیا سے پوری رقم دلوائی، جب معیشت آگے بڑھ رہی تھی تو بیرونی سازش کرکے حکومت گرائی، عالمی مہنگائی ہے تیل کی قیمتیں اوپر تھیں، ہمیں گندم اور گیس کی ضرورت تھی، سستی گیس اور گندم کیلئے روس گیا تو یہاں انہوں نے امریکا کیساتھ مل کر پہلے سازش اور پھر مداخلت کی، ہماری اوپر جاتی معیشت کیساتھ وہ کیا گیا جو دشمن بھی نہ کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں