تیل سستا ہونے کی امیدیں دم توڑ گئیں، عالمی مارکیٹ میں دوبارہ گیس اور تیل کی قیمتیں بلندی پر پہنچ گئی

لاہور (پی این آئی) پاکستانیوں کی تیل سستا ہونے کی امیدیں دم توڑ گئیں، عالمی مارکیٹ میں یکدم تیل و گیس کی قیمتوں میں 11 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران کم ہونے والی تیل و گیس کی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل دوبارہ 100 ڈالرز سے اوپر چلا گیا، جبکہ گیس کی قیمت بھی 6 ڈالرز سے اوپر چلی گئی۔

 

برطانوی خام تیل کی قیمت 105 ڈالر کی سطح عبور کر گئی ہے، جبکہ فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت بھی 6 ڈالر کی سطح عبور کر گئی۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے دوران تیل و گیس کی قیمتوں میں 11 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ جلد عوام کو پہنچانے کا عندیہ دے دیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمت100 ڈالر فی بیرل تک آگئی، تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچائیں گے، جلد گھی، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے گی۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک ڈیفالٹ سے بچا لیا گیا ہے، معیشت قابو میں آگئی ہے، ہم نے بہت مناسب بجٹ پیش کیا، چین نے مشکل میں ہماری مالی مدد کی ہے، ملک میں کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، جو کہہ رہے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی ہے ایسا کچھ نہیں، گھی، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی، بہت جلد گھی 150،100 روپے سستا ہوجائےگا۔

 

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ بھی پی ٹی آئی کی نااہلی تھی، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں بجلی کی کیپسٹی زیادہ ہے جو بےبنیاد بات ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار بھی پی ٹی آئی حکومت ہی ہے، جب ہم آئے تھے تو ساڑھے 7 ہزارمیگاواٹ بجلی کا شارٹ فال تھا، ہم نے فوری ڈھائی ہزارمیگاواٹ کی کمی پوری کی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کاش، کاش، کاش پی ٹی آئی حکومت عقلمندی سے کام لیتی، ہم نے بجٹ میں امیر لوگوں سے قربانی مانگی، افغانستان، افریقہ اور دیگرممالک سے کوئلہ آرہا ہے، ہم نے جو پلانٹس لگائے تھے وہ بھی پی ٹی آئی دور میں بند تھے، بجلی کی کیپسٹی بڑھنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی، پنجاب حکومت اپنے پیسوں سے بجلی پر سبسڈی دے رہی ہے، پنجاب حکومت غریب کا بوجھ اٹھاتی ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام کو چیلنج کرتی ہے، جس پر افسوس ہے۔ہم غریب کو ریلیف دیتے ہیں تو پی ٹی آئی آگے دیوار بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جلد بہتر معاملات طے پاجائیں گے، بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک آگئی، تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مناسب وقت پرعوام کو پہنچائیں گے۔ مزید برآں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آج پاکستان جس جگہ کھڑا ہے۔

 

غیرمعمولی سنگ میل ہے، جو ملک ہم سے پیچھے تھے آج ہم سے آگے نکل گئے ہیں، پاکستان کی فی کس آمدنی 1400 ڈالر ہے، ہمارے شروع کیے منصوبوں کو پی ٹی آئی حکومت نے التواء میں رکھا، ہم ملک میں امن لائے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 4سال میں ایک ڈالر کی بھی سرمایہ کاری سی پیک پر نہیں ہوئی، سابق حکومت نے کرپشن کا اتنا شور کیا کہ سب پیچھے ہٹ گئے، پچھلی حکومت میں صرف رئیل اسٹیٹ والوں نے مرضی کافائدہ اٹھایا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close