لاہور (پی این آئی) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی امید، خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمت 10 فیصد کم ہونے سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 22 روپے تک کم ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی کم ہوتی قیمتیں پاکستان جیسے ممالک کیلئے کچھ سکھ کا سانس لینے کا باعث بن رہی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت مزید 10 فیصد کم ہونے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 22 روپے فی لیٹر تک کم ہو سکتی ہیں۔اس حوالے سے جمعرات کے روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا ردعمل بھی سامنے آیا۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب ہم عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو دیکھ رہے ہیں ، اور یقین دلاتے ہیں اگر تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کم ہوئیں تو پاکستان میں جو کرسکتے ہوئے وہ کریں گے، مفتاح اسماعیل نے بتایاکہ حکومت میں آنے کے بعد یہ پہلے 15 دن ہیں جس میں پیٹرول اور ٰڈیزل پر نقصان نہیں ہورہا، اس سے پہلے پیٹرول مصنوعات کو نقصان میں فروخت کر رہے تھے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں جمعرات کے روز امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ایندھن پر عائد ٹیکس میں تین ماہ کے لیے استثنیٰ دینے کی خبر آتے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی۔ عالمی منڈی میں برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریبا 6.5 فیصد یعنی 7.49 ڈالر فی بیرل کم ہو کر 107.16 ڈالر ہو گئی ۔اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 7.1 فیصد یعنی کہ 7.74 ڈالر کم ہو کر 101.78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی معیشت میں سست روی کے باعث خام تیل کی طلب میں کمی ہوئی ہے، اسی باعث تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس حوالے سے پاکستانی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو یہ پاکستان کیلئے بہت فائدہ مند ہو گا۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان برطانوی خام تیل کا خریدار ہے۔گزشتہ ہفتے تک عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 120 ڈالر کی سطح پر موجود تھی۔ تاہم امریکا اور دیگر کئی مغربی ممالک کی جانب سے شرح سود میں غیر معمولی اضافہ کیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اثرات پڑنے لگے۔ عالمی معیشت میں سست روی آنے کی اطلاعات پر تیل کی عالمی مارکیٹ پر بھی اثر پڑا اور چند روز کے دوران ہی برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 13 ڈالرز تک کی کمی ہو چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں