پاکستان میں پیٹرول سستا ہونے کا امکان پیدا ہوگیا

نیویارک (پی این آئی) تیل سستا ہونے کا امکان پیدا ہو گیا، ایک ہی دن میں عالمی مارکیٹ میں تیل و گیس کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ، برطانوی خام تیل 113 ڈالر کی سطح پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا سمیت کچھ یورپی اور دیگر ممالک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ کیے جانے کے بعد تیل کی عالمی مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی۔ جیو نیوز کے مطابق ایک ہی دن میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔

 

بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل، امریکی خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.9 فیصد یعنی 5.85 ڈالر کم ہوکر 113.96 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 5.7 فیصد یعنی 6.66 ڈالر کم ہوکر 110.93 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔مزید بتایا گیا ہے کہ گیس کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 7 ڈالرز کی سطح تک آ گئی۔واضح رہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ کے باعث گزشتہ کئی ہفتوں سے تیل کی عالمی مارکیٹ بحرانی کیفیت کا شکار ہے۔ موجودہ صورتحال پاکستان اور ایسے دیگر ممالک جو تیل کی امپورٹس پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، ان کیلئے تباہ کن ثابت ہوئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے پاکستان میں بھی رواں مالی سال کے دوران تیل کے امپورٹ بل میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق تیل کا درآمدی بل گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں کے 9.88 ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں سال 2022 کے 10 ماہ میں 99.14 فیصد بڑھ کر 19.69 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

 

نہ صرف یہ بلکہ اس عرصے کے دوران مقامی صارفین کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ بھی ہوا ہے۔اس کے علاوہ حالیہ مانگ سے معلوم ہوتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدی قیمت میں 126.17 فیصد اور مقدار میں 26.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی مدت کے دوران خام تیل کی درآمدات کی قیمت میں 74.70 فیصد اور مقدار میں 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مائع قدرتی گیس کی قیمت میں 86.29 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح مالی سال 2022 کے پہلے دس ماہ میں مائع پیٹرولیم گیس کی درآمدای قیمت میں 43.50 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close