آپکو سستا تیل نہیں دے سکتے کیونکہ۔۔۔روس نے صاف انکار کر دیا، وجہ کیا بنی؟

لاہور (پی این آئی) روس کا پاکستان کو سستا تیل فراہم کرنے سے صاف انکار، سستے تیل کی فراہمی کیلئے شہباز شریف حکومت سے مزید بات چیت کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق روس نے موجودہ حکومت کو سستا تیل فراہم کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

 

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ روس نے ہمارے خط کا جواب نہیں دیا، ہم نے سفارتکار بھیجا جس پر روس نے تیل دینے سے صاف انکار کردیا، روس نے واضح طور پر کہا کہ آپ نے 2015ء میں گیس پائپ لائن کا معاہدہ نہیں کیا، وہ بہانہ بنا کر کہہ رہے ہیں کہ مزید بات نہیں کریں گے۔روس سے انکار ہو جانے کے باوجود وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر روس 30 فیصد سستا تیل دے تو ہم لے لیں گے۔جبکہ روس سے گندم کی خریداری کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم روس سے گندم خریداری کیلئے بات چیت کررہے ہیں، کابینہ اور وزیراعظم نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول پر ایک سال میں 200 ارب روپے کا نقصان کیا گیا، ڈیزل پر 59 روپے کا اب بھی نقصان اٹھارہے ہیں، قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

 

وزیراعظم نے سستا پیٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم نکالی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 80 لاکھ افراد کو 2، 2 ہزار روپے دیئے گئے، اس کے علاوہ 60 لاکھ لوگوں کو رجسٹرڈ کررہے ہیں، انہیں بھی 2، 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ایسے لوگوں کو سبسڈی دے رہی ہے جو گاڑیاں چلا رہے ہیں، کیا ہم یہ سب کچھ افورڈ کر سکتے ہیں؟ کیا پاکستان کے پاس پیسے ہیں کہ سبسڈی دے سکیں؟۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں