پیٹرول مزید مہنگا ہوگا، وزیرخزانہ نے عندیہ دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 28 سے 30 روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے پٹرولیم لیوی عائد کرنے کا بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آہستہ آہستہ پٹرولیم لیوی بڑھاتے رہیں گے۔

 

5 روپے سے شروع کریں گے اور سال کے آخر تک پٹرولیم لیوی کی مد میں ساڑھے 700 ارب روپے تک جمع کر لیں گے، اس سے ہمارے بجٹ خسارے میں کمی ہو گی۔ اس سے قبل اپنی بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم کی قیمتوں کے پیش نظر کم آمدنی والے طبقہ کو تحفظ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔چنانچہ ان کی ہدایت پر40 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے خاندانوں کو دو ہزار روپے ماہانہ مدد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ جون 2022 سے نافذ العمل ہے۔اس سے تقریبا 8 کروڑ سے زائد لوگوں کو فائدہ پہنچے گا،یہ امداد مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں شامل کردی گئی ہے اس میں ضروری نہیں کہ کسی کے پاس کار یا موٹر سائیکل ہو بلکہ جو عوام بس میں سفر کرتے ہیں وہ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ جو مستحق افراد بی آئی ایس پی میں پہلے سے رجسٹرڈ ہیں ان کو جون کے مہینے میں دو ہزار روپے کی اضافی ادائیگی خودکار طریقے سے کی جارہی ہے۔ان میں مزید 60 لاکھ خاندانوں کو شامل کیا جارہا ہے جن کو ہر مہینے دو ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ جبکہ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سستا پٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم پورا سال جاری رہے گی، حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھا کر سیاسی مفاد کا نہیں پاکستان کے مفاد کو دیکھا ہے، ایک سال میں ملک کو شدید بحرانوں سے نکالنا کسی معاشی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں