عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا، رات گئے پیٹرولیم مصنوعات میں 30روپے فی لیٹر کا اضافہ

اسلام آباد(پی این آئی) حکومت نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافےکا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے اضافےکا فیصلہ کیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

 

مفتاح اسماعیل نےکہا کہ قیمت میں اضافےکے بعد ایک لیٹر پیٹرول 179.86روپےکا ہوجائےگا، ایک لیٹر ڈیزل 174.15 روپے اور لائٹ ڈیزل 148.31 روپےفی لیٹر ہو جائےگا، جس قیمت پر ڈیزل مل رہا ہے، اس سے 56 روپےکم پردے رہے ہیں، مٹی کاتیل 155.56 روپے فی لیٹر ہوگا۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت میں فروری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ہوش ربااضافہ ہوا، جب ان کی حکومت جانے لگی تو بارودی سرنگیں بچھا کر چلے گئے، سابقہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس رکھا، پہلے دن سےکہہ رہا تھاکہ عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالناناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سول حکومت چلانےکا خرچہ 42 ارب اور سبسڈی سوا سو ارب روپے ہے، 15 دن میں 55 ارب روپےکا نقصان برداشت کرچکے ہیں، جب تک پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھائیں گے آئی ایم ایف قرض نہیں دےگا، عمران خان فارمولے پر جاؤں تو ڈیزل 305 روپے کا ہوگا، پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھا رہے تھےتو روپیہ گر رہا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں