قوم تیار ہو جائے، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد/دوحہ (آئی این پی)وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے دوحہ مذاکرات کے پہلے روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کے پہلے روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مذاکرات میں آن لائن شرکت کی۔وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا اور سیکرٹری خزانہ بھی مذاکرات میں شریک تھے۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کو اصلاحات اور اہداف پورے کرنیکی یقین دہانی کرائی جبکہ آئی ایم ایف کے مشن چیف نیھتن پورٹر نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کی۔آئی ایم ایف مشن چیف نے معیشت کودرپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے کا تبادلہ کیا اورکہاکہ پاکستانی معیشت کوفوری اورطویل مدتی اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان پروگرام کی کامیابی سے تکمیل تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پردستخط کیلئے پرامید ہے اور وزیرخزانہ نے پروگرام کے تحت تجویزکردہ اصلاحات اوردیگر اقدامات مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت موجودہ معاشی مشکلات کو سمجھتی ہے، متوسط اورکم آمدنی گروپوں پرافراط زرکے اثرات کوکم کرنے کے ساتھ سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال کوبری طرح متاثرکرنے والے چند عوامل حکومت کے قابو سے باہر ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق فریقین نے ساتویں اقتصادی جائزے کی کامیابی سے تکمیل کی خواہش ظاہرکی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے ہفتے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل مذاکرات میں شرکت کیلئے اگلے ہفتے دوحہ جائیں گے، حکومت قرض پروگرام کی تکمیل تک آئی ایم ایف سے تعاون جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close