پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 245روپے مقرر کرنے کی سفارش کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایسے میں انکشاف ہوا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے زیادہ اضافے کی تجویز دی تھی کہ اگر سمری پر عملدرآمد کردیا جاتا تو پاکستانیوں کی چیخیں آسمان تک پہنچ جاتیں۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت پٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اور پٹرولیم لیوی صفر ہے۔

 

 

اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 95 روپے 21 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 245 روپے سات پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت 145 روپے 6 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 289 روپے 21 پیسے تک فی لیٹر مقرر کرنے کی تجویز تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز 17 فیصد جی ایس ٹی اور 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر دی گئی تھی۔اس کے علاوہ اوگرا نے ایک اور تجویز بھی دی تھی جس کے تحت پٹرول اور ڈیزل پر پرائس ڈیفرنشل کلیم ختم کیا جانا تھا۔ اس تجویز کے تحت پٹرول 29 روپے 60 پیسے اور ڈیزل 73 روپے چار پیسے مہنگا کرنے کا کہا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں