پاکستان میں سستی ترین الیکٹرک کار متعارف کروا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستانیوں کی الیکٹرک کاروں میں بڑھتی دلچسپی کے پیش نظر نیئر پرائیویٹ لمیٹڈ نے ایک سستی الیکٹرک گاڑی پاکستان میں متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس گاڑی کا نام ’رینکو ایریا‘ (Rinco Aria)ہے جو ایک مکمل الیکٹرک کار ہے، جس کے مقابلے میں اس وقت پاکستانی مارکیٹ میں کوئی الیکٹرک گاڑی موجود نہیں ہے۔

 

بہرحال خصوصیات کے لحاظ سے سوزوکی آلٹو، یونائیٹڈ براوو اور پرنس پرل اس الیکٹرک کار کے مقابلے میں آتی ہیں۔ اس گاڑی میں نصب کی گئی الیکٹرک موٹر 19ہارس پاور طاقت کی حامل ہے اور 75نیوٹن میٹرز ٹارک پیدا کرتی ہے۔ یہ موٹر گاڑی کے پچھلے حصے میں نصب کی گئی ہے اور اس سے طاقت گاڑی کے پچھلے وہیلز کو منتقل ہوتی ہے۔گاڑی میں 17کلوواٹ آور (kWh) بیٹری پیک دیا گیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس بیٹری پیک کو ایک بار ریچارج کرنے سے گاڑی زیادہ سے زیادہ 200کلومیٹر سفر کر سکتی ہے۔گاڑی میں ’ایکو‘ اور ’سپورٹ‘ دو ڈرائیو موڈز دیئے گئے ہیں۔ ایکو موڈ میں گاڑی زیادہ سے زیادہ 60کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے جبکہ سپورٹ موڈ میں گاڑی 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ہے۔

 

گاڑی میں اے بی ایس ٹیکنالوجی کے ساتھ فور وہیل ڈسک بریک دیئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ بھی گاڑی میں سکیورٹی اور آسائش کے حوالے سے کئی فیچرز مہیا کیے گئے ہیں۔ اس گاڑی کی قیمت24لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اس قیمت کے ساتھ فی الوقت یہ گاڑی پاکستانی مارکیٹ کی سب سے سستی الیکٹرک گاڑی ہے۔اس کی بکنگ 12لاکھ روپے سے کروائی جا سکتی ہے جبکہ گاڑی کا ڈلیوری ٹائم4سے 5ماہ ہے۔ کمپنی کی طرف سے گاڑی کی 5سال/لامحدود مائیلز کی وارنٹی بھی دی جارہی ہے۔

close