کوکنگ آئل اور گھی کے کارٹن کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ۔۔۔قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور(پی این آئی) کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا، مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کے پیکٹ کی قیمت 500 روپے سے تجاوز کر گئی۔ قومی اخبار نوائے وقت کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ رمضان کے دوران مارکیٹ میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوکنگ آئل اور گھی مینوفیکچرز نے کوکنگ آئل اور گھی کے کارٹن کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

 

جس سے ایک کارٹن کی قیمت 2520روپے سے بڑھ کر 2700روپے ہو گئی ہے ۔اسی طرح برانڈڈ تیل اور گھی کے ایک پیکٹ کی قیمت میں 36 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے ایک کلو کے پیکٹ کی قیمت 504روپے سے بڑھ کر 540 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں بھی اضافے کی اطلاعات سامنے آئیں۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہباز شرف کی وفاقی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت نے آتے ہی فی کلو چینی کی قیمت میں اکٹھے 10 روپے کا اضافہ کر دیا۔جہاں اوپن مارکیٹ میں تیل، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وہیں یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائز گھی اور چینی کے حصول کیلئے شناختی کارڈ کی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔

 

بتایا گیا ہے کہ 85 روپے فی کلوسبسڈائز چینی کے حصول کیلئے شہریوں کیلئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط عائد کی گئی ہے ۔ ذرائع یوٹیلیٹی سٹورز کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ نہ دکھانے پر چینی پر سبسڈی نہیں دی جائیگی۔ شناختی کارڈ نہ دکھانے والوں کو چینی 85 روپے کی بجائے 94 روپے فی کلو میں دی جارہی ہے۔ جبکہ شناختی کارڈ دکھانے پر ہی 260 روپے کلو سبسڈائز گھی دستیاب ہوگا۔ شناختی کارڈ نہ دکھانے پر گھی عام ریٹ پر 455 روپے فی کلو ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close