چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تردید، چینی 85 روپے کلو کے حساب سے دستیاب ہے

اسلام آباد(آئی این پی ) ملک بھر میں بشمول یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ہی قیمت یعنی 85 روپے فی کلوگرام کے حساب سے چینی دستیاب ہے،میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہیں ،چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔جمعرات کو وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کی قیمتوں پر وضاحت جاری کی ۔وضاحتی بیان میں کہاگیاہے کہ یہ وضاحت ماہ رمضان میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ہے جس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔

حکومت ایسی میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتی ہے اور یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔ ہماری مانیٹرنگ ٹیموں نے کراچی(جودیا بازار)، لاہور(اکبری منڈی) اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کو چیک کیا اور بتایا گیا ہے کہ چینی ریٹیل پر 85 روپے فی کلوگرام جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں 82 روپے فی کلوگرام کے ریٹ سے دستیاب ہے۔البتہ میڈیا میں کچھ یوٹیلیٹی سٹورز پر 94 روپے میں چینی فروخت ہونے کی نشاندہی پر اسکا سختی سے نوٹس لے لیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تناظر میں ایسے ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ یہاں اس امر کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کے لیے شناختی کارڈ دیکھنا لازمی ہے تاکہ کثیر مقدار میں اشیائے خوردونوش کی خریداری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور عوام کو اشیا رعایتی قیمتوں پر یکساں طور پر دستیاب ہو۔

مختصرا، ملک بھر میں بشمول یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ہی قیمت یعنی 85 روپے فی کلوگرام کے حساب سے چینی دستیاب ہے۔حکومت پاکستان چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سپلائی اور رعایتی قمتیوں پر دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حکم کے مطابق عوام الناس کو رمضان کے مہینے میں تمام اشیا ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close