مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک؟ ایشیائی ترقیاتی بنک کے خدشات سامنے آ گئے

اسلام آباد/میندولویانگ(آئی این پی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں معاشی شرح نمو میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا ہے، رواں سال پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 4 فیصد اور آئندہ برس ساڑھے چار فیصد جبکہ مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد جبکہ آئندہ برس ساڑھے آٹھ فیصد رہنے کی توقع ہے اس کے برعکس بھارت میں رواں سال مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد اور آئندہ برس 5 فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں رواں سال مہنگائی کی شرح 6 فیصد اور اگلے سال 5.9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 4 فیصد رہنے کی توقع ہے جب کہ سخت معاشی اور مانیٹری پالیسی کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہوسکتی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ حکومت نے جاری کھاتوں کے خسارے اور مہنگائی کو قابو کرنے کے اقدامات کیے، حکومت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی کوشش کررہی ہے، ان اقدامات سے معاشی شرح نمو 5.6 فیصد سے کم ہوکر 4 فیصد تک آسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافی کا امکان ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close