گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں پھر فی کلو کتنا اضافہ ہو گیا؟ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا

لاہور(پی این آئی) آئل کمپنیوں نے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے، درجہ اول گھی کی قیمت 5 روپے اور درجہ اول کوکنگ آئل کی قیمت 10 روپے بڑھا دی گئی۔ مختلف کمپیوں کی جانب سے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کمپنیوں نے نئے ریٹس جاری کردیئے ہیں۔نئے ریٹس کے تحت درجہ اول گھی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

 

گھی کی فی کلو قیمت 450 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ درجہ اول کوکنگ آئل کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کے بعد کوکنگ آئل فی کلو قیمت 490 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 5 کلو کوکنگ آئل کے پیکٹ کی قیمت 2 ہزار450 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح درجہ اول 16 کلو گھی کا پیکٹ 7 ہزار 150 روپے کا ہوگیا ہے۔دوسری جانب 23 مارچ کی ایک رپورٹ کے مطابق مہنگائی کے رجحان کے باوجود گاڑیوں، ایئرکنڈیشنرز اور ریفریجریٹرز کی پیداوار اور مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں آٹو موبائیل کی پروڈکشن میں جولائی تا جنوری 34.4 فیصد اضافہ ہوا جب کہ صرف جنوری 2022 میں گاڑیوں کی پیداوار 25.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔کاروں اور جیپوں کی پیداوار میں 64.7 فیصد اضافہ ہوا۔ 7 ماہ میں 1 لاکھ 33 ہزار 791 کاریں اور جیپیں تیار کی گئیں۔ اس میں ایک لاکھ 25 ہزار 598 کاریں اور 8193 جیپیں شامل ہیں۔ اس دوران لائٹ کمرشل وہیکلز، ٹریکٹرز، ٹرکوں، بسوں کی پیداوار بھی بڑھ گئی۔ 32 ہزار 585 ٹریکٹر، 16 ہزار 358 لائٹ کمرشل گاڑیاں، 3414 ٹرک، 339 بسیں جبکہ 14 لاکھ سے زیادہ موٹر سائیکل تیار کئے گئے۔

 

موٹر سائیکلز کی پیداوار میں سات ماہ میں 3.3 فیصد کمی دیکھی گئی۔ایئر کنڈیشنرز، ریفریجریٹرز، ڈیپ فریزرز، الیکٹرک فین کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ 7 ماہ میں ایئر کنڈیشنرز کی پیداوار میں 44.7 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا جنوری 3 لاکھ 12 ہزار 973 ایئر کنڈیشنرز تیار کیئے گئے۔ ریفریجریٹرز کی پیداوار 18 فیصد اضافے سے 8 لاکھ 17 ہزار 413 ہوگئی۔ڈیپ فریزرز کی پیداوار میں 16.4 فیصد اضافہ ہوا، پیداوار 65 ہزار 817 تک پہنچ گئی البتہ ٹی وی سیٹ کی پروڈکشن میں 1.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔تعداد 1 لاکھ 23 ہزار 421 رہی۔ الیکٹرک فین کی پیداوار میں 18.2 فیصد اضافہ ہوا۔ حجم 14 لا کھ 67 ہزار 449 رہا۔ الیکٹرانکس مصنوعات کی مجموعی پیداور میں 7 ماہ میں 7.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹیکسٹائل، فوڈ، بیوریجز، تمباکو، فارما سیوٹیکلز، کیمکلز، لوہے، اسٹیل، لیدر مصنوعات، پیپر بورڈ، لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار بھی بڑھ گئی۔ پیٹرولیم ، کھاد، الیکٹرانکس، انجینئرنگ اور ربڑ مصنوعات کی پیداور میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close