عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے، فی بیرل قیمت کہاں پہنچ گئی؟

لندن (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے اثرات عالمی معیشت پر بڑھنے لگے ہیں اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ برینٹ خام تیل دوران ٹریڈنگ 111 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا۔ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 5 فیصد اضافے کے بعد 109 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہو گئی ہے۔

امریکی اور یورپی منڈیوں میں مندی کا رجحان رہا ، شنگھائی اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینجز میں بھی 1 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ یہ بات اہم ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو قوم سے خطاب میں اگلے بجٹ تک بجلی پیٹرول اور ڈیزل مہنگا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی موجودہ قیمتیں 2011 ء کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اس یقین دہانی پر سوال اٹھ رہے ہیں کہ آئندہ بجٹ تک بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں