پاکستان میں پیٹرول 200روپےتک جانے کی پیشنگوئی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں

لاہور (پی این آئی) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی، دوران ٹریڈنگ امریکی خام تیل91 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آگیا۔ تفصیلات کے مطابق روس یوکرین کشیدگی میں کمی کے آثار کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل 91 ڈالر07 سینٹس جبکہ برینٹ خام تیل 92 ڈالر 57 سینٹس فی بیرل کی سطح تک آگیا۔

بتایا گیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد سے فوج کی بڑی تعداد کو پیچھے ہٹا لیے جانے کے بیان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ تاہم امریکا اور نیٹو کی جانب سے مسلسل روس کے یوکرین پر حملے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے، اسی باعث خام تیل کی قیمتیں تاحال 90 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر ہی ہیں۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی موجودہ قیمتوں کو گزشتہ 7 سال کی بلند ترین سطح قرار دیا گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے معروف ماہر معیشت ڈاکٹر حفیظ پاشا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک چلے جانے کا اندازہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ایسا ہونے کی صورت میں پاکستان میں پٹرول 200 روپے سے بھی اوپر جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 16 فروری سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔

15 فروری کی رات کو وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ حکومت نے وزارت خزانہ کی سمری منظور کرتے ہوئے پٹرول کو 12 روپے سے زائد مہنگا کرنے کا اعلان کیا۔ حکومتی فیصلے کے تحت فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 03 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ یوں فی لیٹر پٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 123 روپے 97پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 126 روپے 56پیسے مقرر کر دی گئی۔

 

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close