نیویارک(پی این آئی)کرپٹو کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی قیمت میں حالیہ سالوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جس سے بے شمار لوگ ارب پتی ہو گئے تاہم اب اس ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں تیزی سے ہونے والی کمی اسی شرح سے لوگوں کو کنگال بھی کر رہی ہے۔ بٹ کوائن کی قیمت میں اب تک جتنی کمی واقع ہو چکی ہے، اس سے لوگوں کے 600ارب ڈالر سے زائد ڈوب چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعہ کے روز بٹ کوائن کی قیمت میں 12فیصد کمی واقع ہوئی۔
اتنی زیادہ کمی ہونے سے گزشتہ سال جولائی کے بعد پہلی بار بٹ کوائن کی قیمت 36ہزار ڈالر کی سطح سے نیچے چلی گئی۔ گزشتہ سال نومبر میں بٹ کوائن کی قیمت اپنے عروج کو پہنچی اور اس کے بعد سے مسلسل اس میں کمی آ رہی ہے۔ نومبر کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر اس کی قدر میں 45فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق باقی ڈیجیٹل کرنسیوں کا بھی یہی حشر ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال نومبر کے بعد سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں ہونے والی کمی سے لوگوں کے 600ارب ڈالر سے زائد رقم ڈوبی ہے جبکہ کرپٹو مارکیٹ کو مجموعی طور پر اب تک 1ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ بیسپوک انویسٹمنٹ گروپ کا کہنا ہے کہ ”امریکی فیڈرل ریزو، کرپٹو مارکیٹ کو متحرک رکھنے سے دستبردار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے تمام کرپٹو کرنسیوں کی قیمت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ “
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں