پیٹرول کی قیمتیں کب تک مستحکم رہیں گی؟ حکومت نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

اسلام آباد(پی این آئی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے، پیٹرول پر سیلز ٹیکس 2.5 فیصد اور ڈیزل پر 5.44 فیصد ہے، سیلز ٹیکس نوٹیفکیشن کے تحت قیمتیں 31 جنوری تک مستحکم رہیں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کا نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس 2.5 فیصد ہے، ڈیزل پر سیلز ٹیکس5.44 فیصد ہے، لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 2.7 فیصد ہے، مٹی کے تیل پرسیلز ٹیکس 8.3 فیصد ہے۔

سیلز ٹیکس نوٹیفکیشن کے تحت تیل کی قیمتیں 31 جنوری تک مستحکم رہیں گی۔یاد رہے حکومت نے 15 جنوری کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل 3 روپے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 33 پیسے مہنگا ہو گیا، وزارت خزانہ کے فیصلے کے بعد فی لیٹر پٹرول کی قیمت 147 روپے 83 پیسے ہو گئی۔لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 114 روپے 54 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 144 روپے 62 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر نئی قیمت 116 روپے 48 پیسے ہو گئی۔ گزشتہ روز اوگرا نے 16 جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری منظوری کیلئے بھجوائی تھی۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری کے مطابق پٹرولیم مصنوعات 4 سے 5 روپے فی لٹر مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب آئل ریفائنریز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں دعویٰ کیا گیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ سال نو کے موقع پر اوگرا کی جانب سے پیٹرول 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری ارسال کی گئی تھی پیٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 3روپے 2 پیسے مہنگا کرنےکی سمری پر عمل کرنےکے بجائے فی لیٹر پیٹرول 4 روپے مہنگا کر دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close