کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی، سرمایہ کاری کرنیوالوں کیلئے عدالت سے اہم خبر آگئی

کراچی(پی این آئی) سٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ میں کرپٹو کرنسی پر مکمل پابندی کی سفارش کردی۔ ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں حکومت پاکستان اور سٹیٹ بینک کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔

سٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان نے کریپٹو کرنسی پر مکمل پابندی کی سفارش کردی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کرپٹو کرنسی غیر قانونی ہے اس کرنسی میں کاروبار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لئے رپورٹ وزارت خزانہ اور وزارت قانون کو بھیجنے کی ہدایت کردی، عدالت نے ہدایت کی کہ وزارت خزانہ اور وزارت قانون 3 ماہ میں حتمی فیصلہ کریں۔جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے پابندی لگانے کی صورت میں پابندی کی آئینی حیثیت سے بھی عدالت کو آگاہ کیا جائے، کرنسی میں کاروبار کی اجازت کی صورت میں لیگل فریم ورک تیار کیا جائے، کرپٹو کرنسی کا موجودہ سٹیٹس قانون نافذ کرنے والی ادارے خود طے کریں، متعلقہ ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ جاپان نے کریپٹو کو قانونی شکل دی ہے، ایف آئی اے کرپٹو کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کررہی ہے۔ کرپٹو کو امریکہ اور دیگر ممالک کی طرح سوفٹ ویئر کے طور پر تسلیم کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close