کراچی (پی این آئی) دنیا میں توانائی کے شعبے میں انتہائی اہمیت کے حامل اور سب سے باوقار فورم ایس اینڈ پی گلوبل پلیٹس انرجی ایوارڈز نے کے الیکٹرک (کے ای) کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کیٹیگری میں ”روشنی باجی ویمن ایمبیسیڈر پروگرام“ کے لیے فاتح قرار دیا ہے۔ اس ایوارڈ کو توانائی کے شعبے میں ”آسکر“ کی حیثیت حاصل ہے، جس کے 23 واں سالانہ ایوارڈ کی تقریب سوال اسٹریٹ، مین ہٹن، امریکا میں منعقد ہوئی۔ایوارڈ کے لیے 29 ممالک کی 190سے زائد کمپنیوں کو فائنلسٹ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، جن میں 11 ممالک سے 20 کمپنیوں کو مختلف کیٹیگری میں ایوارڈز دیے گئے۔
کے ای کو رواں سال تین کیٹیگریز میں فائنسلٹ منتخب کیا گیا تھا، جن میں Chief Trailblazer of the Year،Corporate Social Responsibility Award–Diversified، Engineering Solution of the Year شامل ہیں۔ 1999ء سے باقائدگی سے سالانہ طور پر منعقد ہونے والے اس ایوارڈ میں پہلی بار کوئی پاکستانی کمپنی فاتح بنی ہے۔یہ قابل فخر اعزاز کے الیکٹرک کو روشنی باجی پروگرام کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا ہے، جو اب قوم کے لیے باعث فخر بھی ہے۔ کے ای نے اس پروگرام کا آغاز ایک سادہ لیکن طاقتور مقصد کے تحت کیا تھاجس سے خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنایا جاسکے۔
اس مقصد کے تحت انہیں رہائشی علاقوں میں سفیر بناکر بھیجا گیا تاکہ وہاں کے مکینوں کو اپنی حفاظت، بجلی چوری کے خطرات اور توانائی کے تحفظ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے۔ کے الیکٹرک نے ان خواتین کو موٹر سائیکل چلانا سکھانے کے ساتھ ساتھ اس کی دیکھ بھال کے طریقے بھی سکھائے۔ مارشل آرٹس اور سیلف ڈیفنس کی تربیت کے ساتھ انہیں مختلف مہارتوں سے آراستہ بھی کیا۔ یہ خواتین پاکستان کی پہلی سند یافتہ خواتین الیکٹریشنز بھی بنیں۔ یوٹیلیٹی کی کوششوں سے ان خواتین نے ایک ایسے شعبے میں اپنی صلاحیت کے جوہر دکھائے،جس پر پہلے مردوں کی اجارہ داری سمجھی جاتی تھی۔یہ پراجیکٹ نیپرا کی ‘Power with Prosperity’مہم کے تحت شروع کیا گیا اور۔ چلڈرن فار کنسرن (CFC) کے تعاون سے شروع کیے گئے اس پروگرام کو Guarantcoکے معاونت سے چلایا جارہا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر کے الیکٹرک کو مبارکباد دیتے ہوئے نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کے ای پاور سیکٹر میں دیگر کمپنیوں کے لیے مثال قائم کررہی ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کر سکیں۔ یہ ایوارڈ کے الیکٹرک کی کوششوں کا معتبر ثبوت ہے، جو اُسے روشنی باجی پروگرام کی وجہ سے دیا گیا۔ نیپرا پاکستانی ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر اپنے ‘Power with Prosperity’ کے فلسفے کے تحت کمیونٹیز میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اداروں بشمول کے الیکٹرک، سے تعاون جاری رکھے گا۔اس اعزاز کے حصول پر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سید مونس عبداللہ علوی، جنہیں Chief Trailblazer of the Year کیٹیگری کے لیے فائنلسٹ بھی منتخب کیا گیا تھا، نے کہا ”یہ ایوارڈ نہ صرف کے الیکٹرک کے لیے بلکہ پاکستان کے پورے پاور سیکٹر کے لیے ایک تاریخی جیت ہے۔
ہم اس ایوارڈ کو ملکی پاور سیکٹر کے لیے عالمی سطح پر ترقی کی راہ پرایک سنگ میل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ جہاں تک کے الیکٹرک کا تعلق ہے، یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی بہترین کمپنیوں کا مقابلہ کیا ہے۔ ہمیں 3 مختلف کیٹیگریز میں فائنلسٹ چنا گیاجن میں سے ایک میں ہم فاتح بھی قرار پائے۔ یہ تاریخی کامیابی یقینی طور پر ہمیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گی اور ہم ملک و قوم کے لیے مزید ایسے اعزازات حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔“کے الیکٹرک کی چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونی کیشن آفیسر سعدیہ دادا نے اس موقع پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ” اس ایوارڈ نے ہمیں اپنے شعبے کی’بہترین‘ کمپنیز میں شامل کردیا ہے اور ہمارے لیے عالمی سطح پر ایسی کمپنیز سے سیکھنے اور اپنے تجربات سے انکو کو آگاہ کرنے کے لیے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔
ہمیں خوشی ہے کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور پاور سیکٹر میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے کی ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، جس شعبے میں خواتین کی نمائندگی بہت ہی کم تھی۔ ہم اس کامیابی پر اپنے ریگولیٹر نیپرا اور اُس کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی حوصلہ افزائی اور وژن “Power with Prosperity” کے تحت ہم معاشرے کی بہتری میں کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ مزید برآں یہ ایوارڈ ہماری روشنی باجیوں اور پاور سیکٹر کی تمام خواتین کے نام ہے، جو سخت محنت کر رہی ہیں اور اس صنعت کو مزید مستہکم بنانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔روشنی باجی اقدام اقوام متحدہ (یو این) کے 5th Sustainability Development Goal (SDG 5) کے مطابق ہے، جس کا مقصد سال 2030 تکGender Equality اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔ اس پروگرام میں 40 خواتین کے پہلے گروپ کو فروری 2021 میں شامل کیا گیا اور صرف 7 ماہ میں اس گروپ نے اپنی کمیونیٹیز میں 120,000 سے زیادہ گھرانوں میں آگاہی فراہم کی۔ پہلی روشنی باجی ویمن ایمبیسیڈر پروگرام کی شاندار کامیابی پر کے الیکٹرک نے نومبر میں کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 60 خواتین پر مشتمل اپنے دوسرے گروپ کی تربیت کا بھی باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں