اسلام آباد (پی این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے 40 شہروں میں غیرمنقولہ جائدادوں کے ریٹس 200 سے 400 فیصد تک بڑھا دیئے ہیںجبکہ کراچی میں ہر اضافی اسٹوری پر 25 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے،اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ، ایف بی آر نے ملک بھر میں 40 اہم شہروں میں غیرمنقولہ جائیدادوں کی قیمتوں کی شرح میں اضافہ کردیا ہے۔
ان میں کمرشل، رہائشی، اپارٹمنٹس، فلیٹس اور دیگر ایریاز شامل ہیں۔اس سے پہلے ایف بی آر نے 20 منتخب شہروں کی غیرمنقولہ جائدادوں کی قیمتیں مقرر کررکھی تھیں تاہم اب اس تعداد کو بڑھا کر 40 کردیا گیا ہے، جب کہ شہروں کے ایریاز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے جن شہروں کے قیمتوں کے ٹیبل جاری کیے ہیں ان میں ایبٹ آباد، اٹک، بہاولپور، بہاول نگر، چکوال، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گوجرانوالہ، گجرات، گوادر، حافظ آباد، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی، قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، منڈی بہائوالدین، مانسہرہ، مردان، میرپور خاص، ملتان، ننکانہ، ناروال، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیال کوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیگ سنگھ شامل ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای۔7 کے پلاٹ کی فی مربع گز قیمت ڈھائی لاکھ روپے، ایف۔6 میں دو لاکھ روپے فی مربع گز، ایف۔7 میں ساڑھے تین لاکھ روپے فی مربع گز، ای۔11 میں ایک لاکھ دس ہزار روپے فی مربع گز، بی۔17 میں 55 ہزار روپے فی مربع گز، ڈی۔12 میں ایک لاکھ روپے فی مربع گز، فیصل ٹائون میں 55 ہزار روپے فی مربع گز، ایف۔8 میں دو لاکھ روپے فی مربع گز، جی۔11 میں ڈیڑھ لاکھ روپے فی مربع گز، ممتاز سٹی میں 39735 روپے فی مربع گز، بحریہ ٹائون میں 49668 روپے فی مربع گز اور بنی گالہ میں 36363 روپے فی مربع گز ہے۔
فلیٹس اور اپارٹمنٹس کی صورت میں غیرمنقولہ جائداد کی قیمتیں ای۔7 میں 251500 روپے فی مربع فٹ، کمرشل جائدادوں میں بلیو ایریا میں دکان 680420 روپے فی مربع فٹ اور بلیو ایریا میں پہلی منزل پر 168856 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے۔پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں سنگل اسٹوری سے زائد کی عمارت کی قیمت 25 فیصد فی اضافی اسٹوری بڑھ گئی ہے۔ مثلاً گرائونڈ فلور کے سوا ہر اسٹوری کی قیمت گرائونڈ فلور کی قیمت کے 25 فیصد لگائی جائے گی، اگر کوئی جائداد درج ذیل کیٹیگریز میں سے کسی میں شامل نہیں ہوگی تو وہ سب سے نچلی کٹیگری میں شمار ہوگی۔ اگر کسی زمین کی ایک سے زائد مقاصد کے لیے اجازت دی گئی ہو مثلاً رہائشی، کمرشل اور صنعتی تو اس کی قیمت مقررہ قیمت کی اوسط قیمت ہوگی۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ فلیٹ سے مراد احاطہ شدہ ایسی رہائشی جگہ ہے جہاں پراپرٹی کے علیحدہ یونٹ نمبر / ذیلی پراپرٹی یونٹ نمبر ہو۔ رہائشی جگہ پر اگر کثیر اسٹوری عمارت ہو تو اضافی اسٹوری بھی عائد کی جائے گی بشرط یہ کہ وہ ایک بیڈ روم اور باتھ روم پر مشتمل ہو۔کیٹیگریز 1،2،3 اور 4 کی تعمیر شدہ کمرشل جائداد کی بیسمنٹ کی قیمتیں 13500 روپے فی مربع گز رکھے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں ایف بی آر نے غیرمنقولہ جائدادوں کی قیمتیں آف روڈ ، آن روڈ اور بڑھتی قیمتوں کی بنیاد پر مقرر کی ہے اور کچھ جگہوں پر ان میں 200 سے 400 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈی ایچ اے کے فیز میں قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں