اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ کردیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد پٹرول پر پٹرولیم لیوی13 روپے 62 پیسے ہوگئی۔ حالیہ اضافے کے بعد ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 13 روپے 14 پیسے ہوگئی۔
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی میں بھی اضافہ کیا ہے۔ حکومت نے پٹرول پر جنرل سیلز ٹیکس صفر سے بڑھا کر 1.63 فیصد جب کہ ڈیزل پر 7.2 فیصد سے بڑھا کر 7.37 فیصد کردیا ہے۔خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے معاہدے کے تناظر میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے کچھ روز پہلے اعلان کیا تھا کہ ہر ماہ پٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کیا جائے گا اور اسے 30 روپے فی لیٹر تک لے جایا جائے گا۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پٹرولیم لیوی میں اضافے کا عام صارفین پر براہ راست اثر نہیں پڑے گا کیونکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں