کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آتے ہی عالمی منڈی میں ہلچل۔۔ خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

نیو یارک (پی این آئی) کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم کے چند کیسز رپورٹ ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی۔برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی نئی اور اب تک کی سب سے خطرناک قسم کے بعد عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔ ایک ہی دن میں تیل کی قیمت 12فیصد سے زائد کم ہوچکی ہے۔

عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں 9.65 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ 68.74ڈالر پر ٹریڈنگ کر رہا ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں 8.95 ڈالر کی کمی آئی ہے اور اس کے ایک بیرل کی قیمت 73.27 ڈالر پر آگئی ہے۔تیل کی قیمت کتنی تیزی سے کم ہو رہی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق رات کو 09:30 بجے تک تیل کی قیمت میں 10 فیصد کمی آئی تھی لیکن لگ بھگ 15 منٹ بعد ہی یعنی 09:45تک یہی کمی 12 فیصد ہوگئی تھی۔خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم دریافت ہوئی ہے جو کو ماہرین نے بی ون ڈاٹ ون ڈاٹ فائیو ٹو نائن (b1.1.529) کا نام دیا ہے۔ اس قسم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کورونا کی اب تک کی سب سے خطرناک قسم ہے جس میں 50 کے قریب تبدیلیاں ہیں اور یہ ویکسین کو غیر موثر کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ کورونا کی نئی قسم دریافت ہوتے ہی بہت سے ملکوں نے سفری پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں