کراچی(پی این آئی) ڈالر نے ایک ہی دن میں روپے کو بری طرح روند ڈالا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت دوبارہ 174 روپے کی سطح عبور کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے معاشی پیکج کے اعلان کے بعد کچھ روز کے دوران واضح بہتری دکھانے والا پاکستانی روپیہ منگل کے روز دوبارہ بدترین مندی کا شکار ہو گیا۔
منگل کے روز اوپن اور انٹربینک دونوں مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 174 روپے جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 171 روپے کی سطح کو دوبارہ عبور کر گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر1 روپے 12پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 170.51روپے سے بڑھ کر171.63روپے ہو گئی۔اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1.80روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالرکی قیمت 174روپے 80 پیسے کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یوروکی قدر میں1.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 198روپے سے بڑھ کر199.50روپے اور قیمت فروخت 200روپے سے بڑھ کر201.50روپے ہوگئی۔اس کے علاوہ 2.20روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 231.50روپے سے بڑھ کر234.20روپے اور قیمت فروخت234روپے سے بڑھ کر236.20روپے پر جا پہنچی ۔ روپے کی قدر میں گراوٹ کے حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے، اسی باعث پاکستانی روپیہ بے قدری کا شکار ہو رہا ہے۔
یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے بھی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو بھی گیا تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں