پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ۔۔۔ ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے کام بند کر دیا

لاہور(پی این آئی)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا شدید احتجاج ، کام بند کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے ٹرانسپورٹرز اس اضافے پر متاثر ہوئے اور انہوں نے صوبائی دارلحکومت لاہور کے یتیم خانہ چوک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروایا اور اپنا کام بند کر دیا ۔ دوسری جانب اورنج ٹرین کے نئے کرایوں کی منظوری کے

لیے ایوان وزیر اعلی کو سمری ارسال کردی گئی،محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ٹرین کا کرایہ سٹیشن ٹو سٹیشن 20 سے 70 روپے مقرر کرنے کی سفارشات کی ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک بار پھر سے لاہوریوں کے لیے سستی پبلک ٹرانسپورٹ مہنگی کرنے کی سفارش کردی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اورنج ٹرین کا 5 کلو میٹر تک کا کرایہ 20 روپے مقرر کرنے کی سفارشات کی ہیں، 5 سے 10 کلو میٹر سفر کا کرایہ 30 روپے، 10 سے 15 کلو

میٹر سفر کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اسی طرح 15 سے 20 کلو میٹر کے سفر کا کرایہ 50 روپے، 20 سے 25 کلو میٹر تک کا کرایہ 60 روپے، 25 کلو میٹر سے زائد سفر کا کرایہ 70 روپے کرنے کی سفارشات کی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس سے قبل سٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ کو بھی اورینج ٹرین کا کرایہ سٹیشن ٹو سٹیشن مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم کرایوں میں اضافے کا فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا تھا۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق اورینج ٹرین کے سٹیشن ٹوسٹیشن کرائے سے عوام پر اضافی بوجھ نہیں بڑھے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں کرایا مقرر کرنے کا ایجنڈا شامل کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں