لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کے بعد مارکیٹ سے پٹرول اور ڈیزل غائب ہونا شروع ہوگیا، پٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھانے ہی تھے تو کم ازکم زبان ہی بند رکھتے، جس نے بھی نالائقوں کو مسلط کیا نجانے عوام سے کس گستاخی کا بدلہ لیا ہے؟ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد کہ پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا مارکیٹ سے پٹرول اور ڈیزل غائب ہونا شروع ہو گیا ہے۔
کرنا ہے تو زبان بند ہی رکھو۔ انہوں نے کہا کہ ان نالائقوں کو جس جس نے بھی قوم پہ مسلط کرنے کا جرم کیا ہے نجانے انہوں نے عوام سے کس گستاخی یا جرم کا بدلہ لیا ہے؟یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں تیل کی قیمت بڑھانے کا کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمت 33 اور عالمی سطح پر 100 فیصد بڑھی ہے، ہمسایہ ممالک کو دیکھ لیں، ہندوستان میں تیل کی قیمت اڑھائی سو، بنگلا دیش200 روپے، پاکستان 138روپے ہے، ہم نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا لیوی کو کم کیا۔حکومت نے اپنا پیٹ کاٹا اور لوگوں کو مہنگائی کے بوجھ سے بچایا۔ پاکستان دنیا میں پٹرول میں سستا ملک ہے، آج کہہ رہا ہوں ہمیں پٹرول کی قیمت تھوڑی سی بڑھانا پڑے گی، کیوں اگر قیمت نہ بڑھائی تو خسارہ مزید بڑھ جائے گا، امریکا، یورپ، جرمنی ترکی چین میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، سردیوں کے بعد قیمتیں نیچے آجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا واقعی ہی مسئلہ ہے، اپوزیشن کا کام تو تنقید کرنا ہے، میڈیا کی تنقید سے معاشرے کا فائدہ ہوتا ہے، میڈیا کو چاہیے متوازن رپورٹ چلائیں کہ ہماری حکومت کی وجہ سے کیا مہنگائی بڑھی ہے؟ عالمی سطح پر ضروری اشیا کی قیمتوں میں 50 اور پاکستان میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، ترکی میں مہنگائی 19 فیصد اور کرنسی 35 فیصد نیچے گری ہے۔چین کی مہنگائی 26 سال میں سب سے زیادہ اوپر گئی ہے، جرمنی میں مہنگائی ہوئی، گیس پر آجائیں، امریکا اور یورپ میں گیس کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں