ڈالر پھر مہنگا ہونے لگا، روپے کے مقابلے قدر میں اضافہ ریکارڈ

لاہور (پی این آئی) کئی روز کی تنزلی کے بعد ڈالر دوبارہ مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملکی کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں دوبارہ سے اضافہ ہو گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹوئٹ کے مطابق ڈالر کی قیمت پھر سے 170 روپے کی سطح عبور کر گئی۔بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 4 پیسے کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 169 روپے 97 پیسے سے بڑھ کر 170 روپے 1 پیسے ہو گئی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے معاشی پیکج کے اعلان کے بعد گزشتہ چند روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 5 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی۔ گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 175 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی تھی۔دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی ایک دن کے دوران ہزاروں روپے کا اضافہ ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2800 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔2800 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 1لاکھ 20 ہزار 200 روپے پر پہنچ گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2400 روپے کے اضافے سے 1 لاکھ 3 ہزار 52 روپے ہوگئی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں کمی کے ساتھ ساتھ سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی بڑی کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ صرف 4 روز کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تقریباً 15 ہزار روپے کی کمی آئی تھی۔

تاہم جمعرات کے روز سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کا ٹرینڈ بھی ٹوٹ گیا۔ جبکہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاو کے حوالے سے مشیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرنسی کی قیمت اوپر نیچے جانے سے گھبرانا نہیں چاہئیے۔ مہنگائی کی شرح کم نہ کی تو روپے کی قدر میں اور کمی ہو گی اس میں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ہمیں اپنے روپے کو مضبوط رکھنا ہے تو ہمیں مہنگائی کی شرح کم کرنی پڑے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close