چینی کی قیمت فی کلو 150روپے تک پہنچ گئی، عوام پریشان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے مختلف علاقوں سے خبریں آرہی ہیں کہ ملک بھر میں چینی کی فی کلو قیمت میں 8 سے 10 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 145 سے 150 روپے کے درمیان ہے۔

یہ خبریں ایک ایسے وقت سامنے آرہی ہیں جب بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان یہ اعلان کرچکے ہیں کہ ان کی حکومت ملک کے دو کروڑ خاندانوں کے لئے آٹا، دال اور گھی پر 30 فیصد تک ٹارگٹڈ سبسڈی دے گی اور اس پیکج کے لیے 120 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔چینی کی بڑھتی ہوئی قیمت پر سوشل میڈیا صارفین پاکستانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔فراصت سلیم جنجوعہ نامی صارف نے قیمت کے بڑھنے پر تبصرہ کیا کہ ’مٹھاس میں کڑواہٹ، پشاور میں چینی 150 روپے اور لاہور میں 135 روپے کلو ہوگئی۔‘احمد خان اورکزئی نامی صارف نے چینی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج کوہاٹ میں چینی کی بوری کی قیمت 7 ہزار اور ایک کلو چینی کی قیمت 140 روپے ہے۔‘

انہوں نے ٹوئٹر صارفین سے پوچھا کہ ’آپ کے شہر میں کیا قیمت ہے؟‘فیض احمد تارڑ نامی صارف نے لکھا کے چینی اور پیٹرول کی قیمتوں میں مقابلہ چل رہا ہے۔ ان کے مطابق چینی 142 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، جبکہ پیٹرول 137 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔امداد علی سومرو نے لکھا کہ ’ایک دن وزیراعظم کا مہنگائی پر خطاب، دوسرے روز چینی 150 روپے۔۔ واہ واہ۔‘پاکستان کے وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے چینی کی قیمت پر ایک بیان میں کہا کہ ’میڈٰیا رپورٹس کے مطابق چینی کراچی میں 130 روپے کلو کردی ہے۔ سب کے لیے خبر ہے 15 نومبر سے گنا کرشنگ شروع ہوجائے گی اور مارکیٹ خود با خود 85 سے 90 روپے کلو پر آجائے گی۔

‘’اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز اور سستا بازار میں چینی 90 روپے کلو دستیاب ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سال پاکستان میں گنے کی ریکارڈ فصل ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close