مہنگائی کے طوفان میں پہلا بڑا ریلیف، نومبر سے فروری تک کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کر دی گئی

اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے موسمِ سرما کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کر دی ہے، حکومت نومبر سے فروری کی مدت کے لیے بجلی کی شرح میں کمی کرے گی، رہائشی صارفین کے لیے بجلی کی شرح میں 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ کمی کی جائے گی،کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی شرح میں 11 روپے 98 پیسے کمی کی جائے گی۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ عام خدمات کے لیے بجلی کا ٹیرف 7 روپے 94 پیسے فی یونٹ استعمال کیا جائے گا۔وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں آف پیک ریٹ 16 روپے 33 پیسے اور 22 روپے 95 پیسے ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سردیوں کے موسم میں گیس کے استعمال میں کمی کے لیے اٹھایا گیا قدم ہے ۔واضح رہے کہ نیپرا نے سردیوں کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر سستی بجلی کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے ،یکم نومبر سے 28 فروری تک کے 4 ماہ کیلئے یہ پیکیج کے الیکٹرک سمیت پورے ملک کے لیے ہو گا۔صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 12 روپے 96 پیسے میں پڑے گا۔پیکیج سے صرف گھریلو اور کمرشل صارفین سمیت جنرل سروسز کے شعبے مستفید ہو سکیں گے۔۔۔۔۔

close