سعودی عرب کی جانب سے پیکج، عام آدمی کو کیا فائدہ ہو گا؟ ماہرین نے خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی)سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے پیکج کے اعلان کے فوری بعد معیشت پر مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ڈالر کے مقابلے میں ناصرف روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہوا ہے بلکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

ماہرین کے مطابق سعودی پیکج سے پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت کے لیے سہارا مل گیا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ پیکج سے ناصرف مجموعی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو بھی کسی حد تک ریلیف دیا جائے گا۔سعودی پیکج کے اعلان کے فوری بعد بدھ کے روز کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں دو روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔جمعرات کو بھی یہ رجحان جاری رہا اور روپے کی قدر میں دوپہر تک مزید دو روپے کا اضافہ ہوا اور انٹربینک میں ایک ڈالر کی قیمت 171 روپے تک آگئی۔یاد رہے کہ منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی اور ایک ڈالر کی قیمت 175 روپے کی حد عبور کر کے 175.27 پر بند ہوئی تھی۔

اسی طرح سٹاک مارکیٹ میں بھی بدھ کو ہی بہتری دیکھی گئی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 564 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا جو کہ مجموعی طور پر گذشتہ روز کے مقابلے میں ایک اعشاریہ 25 فیصد کا اضافہ تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close