لاہور (پی این آئی) یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 9 روپے تک اضافے کا امکان۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع آل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول 7 روپے جبکہ ڈیزل 9 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
آئندہ 5 روز کے دوران تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو اور پاکستانی کرنسی مارکیٹ کی صورتحال سے واضح ہو جائے گا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوتا ہے۔ معروف ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن نے کچھ روز قبل نجی ٹی وی کے 8 بجے کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا کہ مذاکرات کیلئے واشنگٹن آنے سے قبل ڈالر 172 روپے کا کر کے آئیں۔ڈاکٹر اشفاق حسن کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مزید جھٹکوں کیلئے تیار رہیں کیوںکہ آئی ایم ایف فی لیٹر پٹرول پر 30 روپے لیویز اور 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے، جس سے پٹرول کی قیمت 200 روپے تک چلی جائے گی۔ یاد رہے حکومت نے 16 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا تھا۔
وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں