کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر آگئی، سٹیٹ بینک نے بھی کام شروع کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی اسامہ قادری کرپٹو کرنسی کا معاملہ اٹھا دیا اور حکومت کی طرف سے بھی اس پر اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔ اسامہ قادری نے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی کو ضابطے میں لانے کی ضرورت ہے اوراس حوالے سے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا کہ ”حکومت کرپٹو کرنسی کی مخالفت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

کرپٹو کرنسی ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اور ہم اس نئی ٹیکنالوجی کے لیے دروازے بند نہیں کر سکتے۔ سٹیٹ بینک اس حوالے سے کام کر رہا ہے۔“علی محمد خان نے کہا کہ ”ہمیں بھی کرپٹو کرنسی پر تفصیلی غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کی وجہ سے دنیا ایک یکسر نئی جہت سے روشناس ہو رہی ہے۔ ہم اس ڈیجیٹل کرنسی کی صورت میں کوئی نیا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ یہ معاملہ عدالتوں میں جا چکا ہے۔ ملک نے کرپٹو کرنسی کی طرف جانا ہے۔ سٹیٹ بینک اس کرنسی کے معاملے میں بہت محتاط طریقے سے کام کر رہا ہے اور خواہش ہے کہ اس حوالے سے احتیاط کے ساتھ ہی پیش رفت ہو۔“ واضح رہے کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ کرپٹو کرنسیوں کے بارے میں اہم حکم جاری کر چکی ہے۔ عدالت عالیہ نے متعلقہ حکام کو تین ماہ کے اندر اس حوالے سے ضابطے بنانے کا حکم دیا ہے۔اسی نوعیت کی ایک درخواست لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close