گیس انتہائی مہنگی کرنے کی تیاریاں، ماہانہ بل 200کی بجائے 1800کیے جانے کا امکان

لاہور(پی این آئی) گیس کی قیمت میں مزید اضافہ کرنے پر غور، گھریلو صارفین کے ماہانہ بل میں 1600 روپے اضافہ کرنے کی تجویز، کم سے کم بل 200 روپے کی بجائے 1800 روپے کر دیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں مزید اضافے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے گیس کے گھریلو صارفین کیلئے نیا ٹیرف متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی اور قدرتی گیس کو ملا کر ٹیرف کو تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے گھریلو صارفین کے کم سے کم ماہانہ بل میں 1600 روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سسٹم پر قدرتی گیس میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے گیس بحران اور قلت پیدا ہونا معمول ہوتا جا رہا ہے، بحران اور قلت پر قابو پانے کے لئے حکومت نے درآمد ہونے والی گیس پر انحصار کرنا شروع کر دیا ہے۔درآمد ہونے والی گیس پر انحصار بڑھنے کی وجہ سے ہی گھریلو صارفین کیلئے قدرتی گیس اور ایل این جی کو ملا کر نیا ٹیرف متعارف کروایا جائے گا۔ اس نئے ٹیرف کی منظوری کی صورت میں فی یونٹ بل 200 سے بڑھ کر 2 ہزار روپے تک ہو جانے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ شوکت ترین نے انٹرویو میں کہا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے آئیں۔

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے اضافے کی تیاریاں کی جا چکی ہیں۔ ہم اس وقت بہت خطرناک صورتحال میں ہیں، ملک اس وقت فری فال کنڈیشن پر ہے، قرضہ ملا تو سخت شرائط ہیں اور اگر نہ ملا تو اس کے بھی اثرات ہوں گے۔ جبکہ معروف ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن کا بھی دعویٰ ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close