اسلام آباد(آئی این پی)حکومت نے مہنگائی سے ماری عوام پر بجلی اور گھی کا بم گرا دیا ۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں109روپے فی کلو اضافہ کر دیا جسکے بعد ڈالڈ گھی کے 10لیٹر کا کین 2500روپے بڑھ کر 3590روپے کا ہوگیا جبکہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں بھی مزید 1روپے 39پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا ہے، قیمت میں اضافہ سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ، کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا گیا ہے، اور مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40سے 1090روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جب کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 109روپے اور 10لیٹر کین میں 1090روپے کا ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10لیٹر کا کین 2500 روپے بڑھ کر 3590روپے کا ہوگیا ۔
اسی طرح میزان گھی کے 10لیٹر ٹن کی قیمت میں 475روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885سے بڑھا کر 3360روپے مقرر کی گئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ من پسند کوکنگ آئل کی قیمت 465روپے تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد من پسند 5لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ہے۔دوسری جانب حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں مزید 1روپے 39پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا اور بجلی کی قیمتوں میں 1روپے 39پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی، نیپرا نے سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، نیا سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا۔(رڈ)
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں