وہ صارفین جن کو بجلی کے فی یونٹ میں 7روپے تک ریلیف دینے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ بجلی کا سیزنل پیکج منظور کر لیا گیا ہے ، سردیوں میں گیس ہیٹر اور گیزر استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کے فی یونٹ میں 7روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی مہربانی کی وجہ سے ہمارے پاس بجلی ضرورت سے زیادہ ہے جبکہ عالمی سطح پر گیس کا بحران چل رہا ہے ،لہٰذا فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ ایک فارمولے کے تحت وہ صارف جو گیس سے بجلی کے ہیٹر اور گیزر پر شفٹ ہوں گے انہیں بجلی کے فی یونٹ میں 7روپے تک ریلیف دیا جائے گا، اور یہ سہولت صرف سردیوں کیلئے میسر آئے گی جبکہ اس کا اطلاق منظوری کے بعد ہوگا۔فواد چودھری نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں ، ایل پی جی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔فواد چودھری نے کہا کہ پنڈورا پیپرز پر کابینہ کوبریفنگ دی گئی ، جیسا کہ وزیر اعظم آفس نے طے کیا کہ ابتدائی طور پر وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے تحت سیل بنایا گیا ہے ،پنڈورا میں سات سو سے زیادہ پاکستانیوں کے نام ہیں ، پہلی کیٹیگری وہ ہے جنہوں نے پاکستان میں آف شور کمپنیاں ڈکلیئر کی ہیں ، دوسری قسم نے ٹیکس بچانے کیلئے کمپنی ڈکلیئر نہیں کی ، تیسری قسم نے کمپنی بھی بنائی اور منی لانڈرنگ بھی کی ، چوتھی قسم نے آف شور کمپنی ڈکلیئر ہی نہیں کی ، وزیر اعظم انسپکشن سیل کمپنیز کی درجہ بندی کرے گا اور پھر اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ ایف بی آر ، ایف آئی اے ، نیب سمیت تمام ادارے اپنا اپنا کام کریں گے ۔

close