امریکی کرنسی نے پاکستانی روپے کی کمر توڑ ڈالی، ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی (پی این آئی) امریکی کرنسی نے پاکستانی روپے کی کمر توڑ ڈالی، ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 170 روپے کی سطح عبور کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت کو قابو میں کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کی گئی مداخلت بے کار ثابت ہوئی، جمعرات کا دن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 170 روپے کی سطح کو عبور کر گئی، انٹر بینک اور مقامی اوپن دونوں کرنسی مارکیٹس میں جمعرات کو ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کا رجحان رہا۔ اس حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں20پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 168.65روپے سے بڑھ کر168.85روپے اور قیمت فروخت 168.75روپے سے بڑھ کر168.95روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں30پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 169.70روپے سے بڑھ کر170روپے اور قیمت فروخت 170.10روپے سے بڑھ کر170.40روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں20پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید198روپے سے بڑھ کر198.50روپے اور قیمت فروخت 199.80روپے سے بڑھ کر200روپے پر جا پہنچی اسی طرح50پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 232روپے سے بڑھ کر232.50روپے اور قیمت فروخت 234روپے سے بڑھ کر234.50روپے ہو گئی ۔ دوسری جانب ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ساتھ بہت بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے مجموعی ذخائر 27 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آگئے، جبکہ مرکزی بینک کے ذخائر میں 47 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی آئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں