بجلی مزید مہنگی ہونے والی ہے؟ خبر نے پاکستانیوں پر بجلیاں گرادیں

اسلام آباد (پی این آئی ) سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا ) کو بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی درخواست دے دی گئی۔درخواست کی منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 25ارب روپے کا بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

سی پی پی اے نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی ترین پیداوار بجلی مہنگی ہونے کی وجہ ہے،گزشتہ ماہ ڈیزل سے 22روپے 62پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔درخواست کے مطابق ایک ماہ کے لئے بجلی کی قیمت میں 2روپے 7پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔نیپرا حکام کے مطابق درخواست اگست کی فیول پرائس اینڈجسٹمنٹ کی مدمیں دی گئی ہے جس پر سماعت 30ستمبر کو ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روزنیپر ا کی جانب سے ملک میں مہنگی بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ، پاور کنٹرول سنٹر اور این ٹی ڈی سی سے جواب بھی طلب کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close