کراچی (پی این آئی )انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالرکی قیمت میں 53 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈالر 168 روپے 72 پیسے پر بند ہوا ۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت ایک روپیہ 20 پیسے بڑھنے کے بعد 170 روپے پر پہنچ گئی ہے ۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ڈالر کے اضافے سے 1758 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400 روپے اور 343 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔اصافے کے باعث کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 112900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 96794 روپے ہوگئی۔بلین مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی مقامی قیمت اب بھی دبئی گولڈ مارکیٹ سے 3000 روپے کم ہے تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1380 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 1183.12 روپے پر مستحکم رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں