عالمی مارکیٹ میں پام آئل اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، پاکستان میں ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) معروف ماہر معیشت نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں تشویش ناک اضافے کی وجوہات بتا دیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف ماہر معیشت ڈاکٹر حفیظ پاشا کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہونے والے تشویش ناک اضافے سے متعلق مختلف وجوہات کا ذکر کیا گیا۔

ڈاکٹر حفیظ پاشا کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہونے میں بیرونی عوامل کا زیادہ کردار ہے۔ ماہر معیشت کے مطابق ایک سال کے دوران عالمی مارکیٹ میں پام تیل کی قیمتوں میں 80 فیصد جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ چونکہ پاکستان امپورٹس پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، اسی لیے مہنگائی میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ساتھ بڑا اضافہ کر دیا تھا، تمام پٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا۔ پاکستان میں فی لیٹر پٹرول کی قیمت 123 روپے سے زائد ہو چکی، ملک میں پٹرول کبھی اتنا مہنگا نہیں ہوا۔ اس حوالے سے حکومت کا موقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ہمارے پاس بھی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ اور کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔یہاں یہ بھی یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ جمعرات کے روز عالمی مارکیٹ میں فی بیرل خام تیل کی قیمت 75 ڈالرز سے زائد کی قیمت پر فروخت ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close