وہ امیر ملک جہاں فی لیٹرپیٹرول کی قیمت 426روپے بنتی ہےاور غریب ملک جہاں پیٹرول 3روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے

لاہور (پی این آئی) پاکستان میں ہر 15 دن کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں طے کی جانے لگی ہیں اور گزشتہ کچھ ماہ سے پٹرول مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت ایک لٹر پٹرول گزشتہ روز کے پانچ روپے کے اضافے کے بعد 123 روپے 30 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے

لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ تیل کی دولت سے مالا مال جنوبی امریکہ کے ملک وینز ویلا میں ایک لٹر پٹرول کی قیمت صرف تین روپے 36 پیسے ہے جو کہ دنیا میں سب سے کم ترین ہے۔ اگرچہ یہ ملک تیل کی دولت سے مالا مال ہے لیکن کرپٹ انتظامیہ اور بدعنوان حکومت کی وجہ سے اس کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، یہاں کے شہری اپنی غربت مٹانے کیلئے دوسرے ملکوں کا رخ کرتے ہیں اور بعض اوقات غیر قانونی طریقوں سے اپنے ملک سے ’جان‘ چھڑا کر پڑوسی ملکوں میں محنت مزدوری کو ترجیح دیتے ہیں۔ویب سائٹ گلوبل پٹرول پرائس کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول ہانگ کانگ میں ہے جہاں اس کی فی لٹر قیمت 426 روپے 77 پیسے ہے۔ ایران اپنے شہریوں کو سستا ترین پٹرول فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، یہاں فی لٹر پٹرول 10 روپے سات پیسے میں فروخت ہوتا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک سعودی عرب اس فہرست میں 22 ویں نمبر پر ہے جہاں ایک لٹر پٹرول کی قیمت 104 روپے 49 پیسے ہے۔ دنیا کا ایک اور بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک روس پٹرول کی 116 روپے چھ پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 25 ویں نمبر پر ہے۔اپنے شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات سستی فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 28 واں ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور تیل کی دولت سے مالا مال امریکہ 156 روپے 85 پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 48 ویں نمبر پر ہے۔تیل کی قیمتوں میں چین کا نمبر 86 واں ہے جو اپنے شہریوں کو 195 روپے 36 پیسے فی لٹر پٹرول مہیا کرتا ہے۔ پڑوسی ملک بھارت میں فی لٹر پٹرول 233 روپے 89 پیسے ہے اور اس کا اس فہرست میں 111 واں نمبر ہے۔ اپنے شہریوں کو مہنگا ترین پٹرول فروخت کرنے میں یورپی ممالک سب سے آگے ہیں۔ اگر مہنگے ترین ممالک کی فہرست کو نیچے سے پڑھا جائے تو ہانگ کانگ اور وسطی افریقی جمہوریہ سے اوپر اکثر یورپی ممالک ہیں جہاں پٹرول کی فی لٹر قیمت 200 سے 300 روپے سے زائد ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ گلوبل پٹرول پرائس ویب سائٹ پر 13 ستمبر تک کی قیمتیں بیان کی گئی ہیں۔ بھارت سمیت بعض ممالک ایسے بھی ہیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

close