پشاور (پی این آئی) آٹے کی بوری کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں چند ہی روز میں آٹے کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی مارکیٹوں میں بھی اب آٹا انتہائی مہنگے داموں دستیاب ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور میں چند روز قبل 5 ہزار 200روپے میں ملنے والی 85 کلو آٹے کی بوری کی قیمت اب 5 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی یکدم 150 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد مارکیٹوں میں 20 کلو آٹا 1100 روپے کی بجائے 1250 روپے میں دستیاب ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری گندم کا اجراء نہ ہونے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے فلور ملوں نے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں 20کلو آٹے کا تھیلا 30روپے اضافے سے1230روپے تک پہنچ گیا جبکہ 10کلو کے آٹے کے تھیلا 615روپے میں فروخت کیاجارہا ہے۔ آٹے کے 20کلو کے تھیلے کی قیمت میں دو وز میں مجموعی طو رپر70روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔ فلور ملوں کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کا اجراء نہیں کیا جارہا ہے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2220روپے ہو گئی ہے ۔جبکہ اس تمام صورتحال میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1200روپے میں فروخت ہونے پر اظہار تشویش کی قراردادپنجاب اسمبلی میںجمع کروادی گئی۔ مسلم لیگ(ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 20کلو آٹے کے تھیلے کا ریٹ 1200تک پہنچنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔25روز کے دوران آٹے کی قیمت میں 140روپے اضافہ ہوا ہے۔پنجاب میں فی من گندم 2200روپے میں مل رہی ہے۔پنجاب حکومت کے گوداموں میں گندم کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہیں،اس کے باوجود حکومت فلورز ملز کو گندم کی فراہمی نہیں یقینی بنارہی ہے۔ قرار داد میں مطالبہ کیاگیا کہ فلورز ملز کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورآٹے کا سرکاری ریٹ عام آدمی کی استاعت کے مطابق مقرر کیا جائے اور اس پر عملدرآمد کرایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں