ڈالر مہنگا ہونے کے بعد برطانوی پائونڈ اور یورو کی قد رمیں بھی ہوشربا اضافہ

کراچی(پی این آئی)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی ڈالر، پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں اضافے کا رحجان برقرار رہا۔ہفتے وار کاروبار میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 167 روپے کے ساتھ ایک سال کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم کاروباری ہفتے میں طلب ورسد کے اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدر 166روپے سے زائد رہی۔کورونا ویکسین کی درآمدات کے عوض ادائیگیوں، معاشی مستقبل کے بارے میں غیریقینی صورتحال نے روپیہ کو غیر مستحکم کیا جبکہ اگست میں ریکارڈ درآمدات، تاریخ ساز کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی روپیہ کی قدر پر اثر انداز ہوا۔افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہے، ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 1.28 روپے بڑھ کر 166.90 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.60روپے بڑھ کر 167.90روپے ہوگئی۔اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 4.03روپے بڑھ کر 230.87روپے ہوگئے جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 3.20روپے بڑھ کر 232 روپے رہی۔انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 3.50روپے بڑھ کر 198.14روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 4.30روپے بڑھ کر 199روپے ہوگئی۔

close