کراچی (پی این آئی) صرف 4 ماہ کے دوران پاکستانی روپے کا بھرکس نکل گیا، چند ماہ قبل دنیا کی بہترین کرنسی قرار دیے جانے والا روپیہ اب ایشیا کی سب سے بدترین کرنسی قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے آغاز میں 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے والا پاکستانی روپیہ اب بدترین تنزلی کا شکار ہو گیا ہے۔ 4 ماہ قبل پاکستانی روپے کی قدر میں بے قدری کا شروع ہونے والا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے بعد پاکستانی روپے کو ایشیا کی بدترین کرنسی قرار دے دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران ایشیاء کے کسی ملک کی کرنسی پاکستانی روپے سے زیادہ تنزلی کا شکار نہیں ہوئی۔ گزشتہ 4 ماہ کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 10 فیصد یعنی 14 روپے سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔4 ماہ قبل تک پاکستانی روپیہ 152 روپے کی سطح تک پہنچ گیا تھا، جو اب دوبارہ 167 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا۔ معاشی ماہرین کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے بعد پاکستان کی امپورٹس میں توقع سے کئی گناہ زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے تجارتی خسارہ پھر سے بلند ترین سطح پر پہنچ چکا۔اس وقت پاکستان ماہانہ 6 ارب ڈالرز سے زائد امپورٹس پر خرچ کر رہا ہے، جبکہ ترسیلات اور ایکسپورٹس کی مد میں بمشکل 5 ارب ڈالرز ہی حاصل ہو پا رہے ہیں۔ یوں مارکیٹ میں ڈالر کی طلب ترسیل کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اور اسی باعث ڈالر کی قیمت ہر گزرتے دن کیساتھ بے قابو ہوتی جا رہی ہے۔ کچھ معاشی ماہرین کے مطابق موجودہ تشویش ناک صورتحال کو دیکھ کر یوں لگ رہا ہے کہ جلد ڈالر 170 روپے کی سطح بھی عبور کر جائے گا۔دوسری جانب جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید166.90روپے اور قیمت فروخت167روپے پر بدستور برقرار رہی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر10پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید167.20روپے سے بڑھ کر167.30روپے اور قیمت فروخت167.70روپے سے بڑھ کر167.70روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یوروکی قدر میں80پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید197روپے سے بڑھ کر197.30روپے اور قیمت فروخت198.50روپے سے بڑھ کر199.30روپے ہو گئی اسی طرح30پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید229.50روپے سے بڑھ کر229.80روپے اور قیمت فروخت231.50روپے سے بڑھ کر231.80روپے ہو گئی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں