سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، پاکستان کی قومی آئل اینڈ گیس کی کمپنیوں کو کامیابی مل گئی

کراچی(پی این آئی) پاکستان کی قومی آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے ابوظہبی میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 6223 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط بلاک فائیو حاصل کرلیا۔پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی قیادت میں قائم کردہ کنسورشیم نے ابوظہبی میں ہونے والی بولیوں کے دوسرے مسابقتی مرحلے میں آف شور بلاک 5 حاصل کرلیا۔ یہ آف شوربلاک 6223 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے اور ابوظہبی شہر سے 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔کنسور شیم میں شامل پی پی ایل دریافتی مرحلے میں آپریٹر ہے جب کہ دیگر کمپنیوں میں تین بڑی پاکستانی ای اینڈ پی کمپنیاں ’’آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل)‘‘ شامل ہیں۔ایکسپلوریشن کنسیشن معاہدے پر کنسورشیم کی جانب سے ایم ڈی پی پی ایل معین رضا خان اور یو اے ای کے وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلطان احمد الجابرنے منگل کو دستخط کیے۔وزیرِ توانائی حماد اظہر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاک یو اے ای تعلقات کے باوجود یہ ایوارڈ دونوں ممالک کے درمیان ایک نئی شروعات ہے، یہ تاریخی معاہدہ یو اے ای اور پاکستان کے درمیان قائم گہرے باہمی تعلقات کا مظہر ہے۔ایم ڈی پی پی ایل معین رضا خان نے کہا کہ پی پی ایل کی قیادت میں کنسورشیم، ابوظہبی کے بلا ک 5 کے کنسیشن کے لیے منتخب ہونے پر بہت خوش ہے۔وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی یو اے ای ڈاکٹر احمد الجابر نے کہا کہ دریافتی کنسیشن کا یہ تاریخی ایوارڈ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے 50 سالہ تعلقات میں توانائی کے تعاون کا ایک نیا باب ہے۔

close