ڈالر مزید کتنا اوپر جائیگا؟ کرنسی ماہرین نے خدشہ ظاہر کر دیا

لاہور (پی این آئی) ستمبر کے مہینے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید گراوٹ کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی خبر رساں ادارے گلف نیوز میں شائع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ ستمبر میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید گراوٹ آ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرنسی مارکیٹ سے وابستہ ماہرین نے متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ان کیلئے پاکستان زیادہ سے زیادہ رقوم بھجوانے کیلئے اگلے ایک ماہ کا وقت سب سے بہترین رہے گا۔رپورٹ کے مطابق اگلے ماہ کے دوران امریکی ڈالر اور اماراتی درہم سمیت دیگر کرنسیوں کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گا۔ اگلے ماہ کے دوران خاص کر اماراتی درہم کی قیمت 46 روپے کی بلند ترین سطح بھی عبور کر جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب جمعرات کو کئی روز کے بعد پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ کاروباری روز کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپور ٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر60پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 166.20روپے سے کم ہو کر165.55روپے اور قیمت فروخت166.30روپے سے کم ہو کر165.70روپے پر آ گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 166روپے سے کم ہو کر165.80روپے اور قیمت فروخت 166.40روپے سے کم ہو کر166.20روپے پر آ گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 194روپے اور قیمت فروخت196روپے پر بدستور برقرار رہی، تاہم10پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 226.50روپے سے کم ہو کر226.40روپے اور قیمت فروخت228.50روپے سے کم ہو کر228.40روپے پر آ گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close