کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پمپس پر پیٹرول نہ دینے کا فیصلہ

لاہور (پی این آئی ) کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پمپس پر پٹرول نہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں ضلعی انتظامیہ نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کرنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ، جس کے تحت 30 اگست تک تاجر برادری اور ان کے ملازمین کیلئے کورونا ویکسین لگانا لازم قرار دی گئی ہے ، ورنہ دکانیں سیل اور بھاری جرمانے ہوں گے جب کہ 30 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پمپس پر پٹرول نہیں ملے گا۔ڈی سی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ 30 اگست تک بزنس کمیونٹی کو کورونا ویکسی نیشن لگانے کی مہلت دی گئی ہے ، 30 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے تاجروں کے خلاف کارروائی ہوگی اور دکانیں سیل کردی جائیں گی ، اسی طرح 30 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو پٹرول پمپ پر پٹرول نہیں ملے گا ، پٹرول پمپس انتظامیہ بینرز آویزاں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 30 اگست تک بینک اور دفاتر کے ملازمین کو ویکسین لگانا لازم ہوگا ، 30 اگست کے بعد شاپنگ مال بھی سیل ہوں گے ، 30 تک اگست ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی سمز بند کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کو خط لکھیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر تاحال برقرار ہے جہاں ایک دن میں مزید 75 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ملک بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 24 ہزار 923 ہو گئی ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 53 ہزار 527 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 3 ہزار 842 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے اور کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 1 فیصد رہی جب کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 23 ہزار 812 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close